نیرج چوپڑا کلاسک 2025 اب 5 جولائی کو ہوگا

   

بنگلورو، 3 جون (آئی اے این ایس) ۔ نیرج چوپڑا کلاسک 2025 اب 5 جولائی کو سری کانتیراوا اسٹیڈیم، بنگلورو میں منعقد ہوگا، منتظمین نے منگل کو اعلان کیا۔ یہ ایونٹ ابتدائی طور پر24 مئی کو طے تھا، تاہم ہندوستان۔ پاکستان کشیدگی کے باعث سیکیورٹی کے پیش نظر اور قومی یکجہتی کے اظہار کے لیے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔ یہ تاریخی ایونٹ جو ہندوستان کی پہلی بین الاقوامی نیزہ بازی (جیولن تھرو) مقابلہ ہے، ملک کے سب سے زیادہ میڈل جیتنے والے اولمپئن نیرج چوپڑا کی قیادت میں، جے ایس ڈبلیو اسپورٹس کے اشتراک اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیاکی منظوری سے منعقد ہورہا ہے۔ جے ایس ڈبلیو اسپورٹس کے چیف کمرشل آفیسرکرن یادو نے کہا:نیرج چوپڑا کلاسک کی اتنی جلدی واپسی ایک بہت بڑی اجتماعی کوشش کا نتیجہ ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ اب یہ 5 جولائی کو ہوگا۔ ہماری ٹیموں نے انتھک محنت کی ہے، اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا، کرناٹک اولمپک ایسوسی ایشن، حکومتِ کرناٹک اور ہمارے شراکت داروں کی مسلسل حمایت نے اسے ممکن بنایا۔ اس ایونٹ کے گرد جوش و خروش پہلے سے کہیں زیادہ ہے، اور ہم ایک ایسا جیولن فیسٹیول پیش کرنے جا رہے ہیں جو جراتمندانہ، شاندار اور ناقابل فراموش ہوگا۔