نیرج ہندوستان کا فخر :منوہر

   

چنڈی گڑھ ۔ ہریانہ کے چیف منسٹرٰ منوہر لال کھٹر نے کہا ہے کہ ہریانہ کا لال نیرج چوپڑا ملک کا فخر ہے ۔منوہر نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا سے آج یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں ملک کا فخر قراردیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے کھیل سردار سندیپ سنگھ بھی موجود تھے ۔ منوہر نے کہا کہ نیرج چوپڑا نے نہ صرف ملک بلکہ اپنے گاؤں اور خاندان کا نام بھی روشن کیا ہے ۔ نیرج کی اس کامیابی میں ان کے خاندان کا بڑا حصہ ہے ۔ خاندان کے تعاون کی وجہ سے ہی نیرج نے ملک کا سرفخر سے بلند کیا ہے ۔ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے نیرج کے ساتھ طویل گفتگو کی اور ان کے تجربات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ان کے کوچ ، نیزہ پھینکنے کا قومی ریکارڈ اور بین الاقوامی ریکارڈ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف منسٹر نے نیرج چوپڑاکا گلدستہ کے ساتھ استقبال کیا اور انہیں شال اور یادگاری نشانی دے کر ان کی عزت افزائی کی ۔