لندن 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیروو مودی جمعہ کو ریسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ کے جج کے روبرو حاضر ہوئے اور جج نے اضافی ثبوت کے ساتھ پیش کردہ نئی فائیل کا جائزہ لیا۔ ہیروں کے مفرور تاجر کے خلاف یہ ثبوت استغاثہ نے پیش کئے ہیں۔ نیروو کو اپنی ضمانت عرضی پر دوسری سماعت کا انتظار ہے۔ کراؤن پراسکیوشن سرویس نے ہندوستانی حکام کی طرف سے اضافی ثبوت کی فائیل عدالت میں پیش کی ہے۔ سی پی ایس بیرسٹر لابی کیڈمین کی داخل کردہ فائیل پر چیف مجسٹریٹ ایما اربتناٹ نے کہاکہ یہ چند کاغذات کے ساتھ (اہمیت کے اعتبار سے) بہت بڑی فائیل ہے۔ چیف مجسٹریٹ وہی جج ہیں جنھوں نے سابق کنگ فشر ایرلائنز سربراہ وجئے مالیا کو گزشتہ ڈسمبر میں ملک بدر کرنے کا حکم دیا تھا۔ سماعت سے قبل وکلائے صفائی نے کہاکہ وہ ضمانت عرضی کی تائید میں مؤثر کیس پیش کریں گے۔ 48 سالہ ڈائمنڈ مرچنٹ سفید شرٹ پہنے ہوئے تھے اور اُنھیں جج ایما کے روبرو پیش کیا گیا۔اُنھیں پہلی سماعت میں ڈسٹرکٹ جج میری مالن نے ضمانت عطا کرنے سے انکار کیا تھا۔