نیرو مودی لندن کی سڑکوں پر آزاد گھومتا پایا گیا ‘ پرتعیش فلیٹ میں مقیم ‘ تجارت بھی جاری

,

   

وطن واپس لانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات جاری ۔ وزارت خارجہ کا بیان ۔ مطلوب دھوکہ باز کے ویڈیو پر کانگریس اور بی جے پی میں لفظی تکرار کا آغاز

لندن 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں مطلوب ہیروں کا تاجر نیرو مودی لندن میں کھلے عام ویسٹ اینڈ میں مقیم ہے جہاں اس نے ہیروں کا نیا کاروبار بھی شروع کرلیا ہے ۔ برطانیہ کے روزنامہ ٹیلیگراف نے ایک ویڈیو پیش کیا ہے اور اس میں نیرو مودی کا انٹرویو بھی شامل ہے ۔ اخبار نے اسے ’’ ہندوستان کا انتہائی مطلوب شخص نیرو مودی ۔ 1.5 بلین پاونڈ کی دھوکہ دہی کا ملزم ۔ لندن میں کھلے عام مقیم ‘‘ کا عنوان دیا ہے ۔ ویڈیو میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 48 سالہ نیرو مودی آکسفورڈ اسٹریٹ کے قریب ایک پرتعیش فلیٹ میں مقیم ہے اور اس نے سوہو میں ہیروں کا نیا کاروبار بھی شروع کردیا ہے ۔ ہندوستان نیرو مودی کو وطن واپس لانے کوشاں ہے ۔ ویڈیو میں مودی کو لندن کی سڑکوں پر گھومتے بھی دکھایا گیا ہے ۔ ہندوستانی حکومت کے ذرائع اور دیگر ذرائع سے بھی پتہ چلا ہے کہ مودی نے لندن میں اپنے اخراج سے بچنے کیلئے پلاسٹک سرجری کروالی ہے ۔ اس کے چہرہ پر موچھیں دکھائی دیں۔ اخبار کے بموجب نیرو مودی لندن میں 8 ملین پاونڈ کے اپارٹمنٹ میں مقیم ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ اس کا کریہ 17,000 پاونڈ ماہانہ ہے ۔ اخبار نے مزید دعوی کیا کہ وہ ہیروں کا نیا کاروبار بھی کر رہا ہے ۔ یہ تجارت مئی 2018 میں شروع کی گئی ۔ اخبار نے لکھا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ مودی کو اپنے خلاف الزام اور مقدمہ کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ ہر روز اپنے گھر سے کمپنی کے دفتر تک اپنے کتے کو ساتھ لئے پیدل چلاجاتا ہے ۔ مودی برطانیہ میں آن لائین بینک اکاونٹس چلا رہا ہے جبکہ وہ ہندوستان میں مطلوب ہے ۔ لندن کی سڑک پر ٹیلی گراف کے صحافی نے نیرومودی کو روک کر ان سے سوالات کئے تو اس نے ہر سوال پر نو کمنٹس کا جواب دیا ۔ صحافی ان کا مسلسل تعاقب کرتا رہا اور وہ صحافی سے بچ کر نکلنے کی کوشش کررہا تھا ۔ اس نے کئی ٹیکسیوں کو روک کر اس میں سوار ہونے کی کوشش کی لیکن کسی نے اسے سوار نہیں کیا بعد ازاں ایک کار میں بیٹھ کر چلاگیا۔ اس دوران نیرو مودی کے ویڈیو کے بعد کانگریس اور بی جے پی میں لفظی تکرار شروع ہوگئی ہے ۔ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی در اصل دھوکہ بازوں کے سٹلمنٹ کی اسکیم چلا رہے ہیں جبکہ بی جے پی نے کہا کہ یو پی اے دور میں بینکوں کو لوٹنے کا پورا موقع فراہم کیا گیا ۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ حکومت نیرو مودی کو برطانیہ سے ہندوستان لانے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے ۔ وزارت نے کہا کہ برطانیہ سے حوالگی کی درخواست کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کی وہاں موجودگی کا پہلے سے علم ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ برطانیہ میں ہندوستان کی درخواست زیر غور ہے ۔ اس دوران انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے بھی کہا کہ حال ہی میں برطانیہ کے ہوم سکریٹری نے ہندوستان کی حوالگی کی درخواست کو قانونی کارروائی کیلئے رجوع کردیا ہے ۔ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ ملک میں ایک لاکھ کروڑ روپیہ لوٹ لیا گیا لیکن ان میں سے ایک کو بھی پانچ سال میں گرفتار نہیں کیا گیا ۔