نیرو مودی کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

   

ای ڈی کی درخواست پر لندن کی عدالت کا اقدام
نئی دہلی 18 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) لندن کی ایک عدالت نے مفرور ملزم نیرو مودی کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کردیا ہے ۔ نیرو مودی ہزاروں کروڑ روپئے کے پی این بی اسکام کا کلیدی ملزم ہے ۔ لندن کی ایک عدالت نے ای ڈی کی درخواست پر یہ وارنٹ جاری کیا ۔ ای ڈی نے نیرو کو ہندوستان کے حوالے کرنے کی درخواست دائر کی تھی ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی نے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت کی جانب سے نیرو مودی کے خلاف جاری گرفتاری وارنٹ کے تعلق سے واقف کروایا ہے اور اسے مقامی پولیس جلدی ہی رسمی طور پر گرفتار کرلے گی ۔ اس کے بعد نیرو کو عدالت میں پیش کیا جائیگا تاکہ وہ ضمانت حاصل کرسکے اور اس کی ہندوستان حوالگی کے تعلق سے قانونی کارروائی اس کے بعد شروع ہوگی ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے جاریہ ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ برطانیہ کے ہوم سکریٹری ساجد جاوید نے ہندوستان کی حوالگی کی درخواست ایک عدالت سے رجوع کی ہے تاکہ اس کے تعلق سے قانونی کارروائی شروع کی جاسکے ۔ حال ہی میں برطانیہ کے ایک اخبار نے ایک رپورٹ شائع کی تھی اور ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں نیرو کو لندن کی سڑکوں پر گھومتے دکھایا گیا تھا اور کہا تھا کہ یہ شخص لندن میں ایک پرتعیش 8 ملین پاونڈ کے بنگلے میں مقیم ہے اور وہ ہیروں کی نئی تجارت بھی شروع کرچکا ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی کی جانب سے نیرو مودی اور اس کے رشتہ دار میہول چوکسی کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ان پر ہزاروں کروڑ روپئے کے خرد برد کا الزام ہے ۔