نیزل کوویڈ ویکسین کے انسانوں پر تجربہ کا کام مکمل

   

حیدرآباد19جون (یو این آئی) صدرنشین ومنیجنگ ڈائرکٹر بھارت بائیوٹیک کرشناایلا نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے پہلی نیزل کوویڈ ویکسین کے انسانوں پر تجربہ کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاٹا انالائسس کا کام جاری ہے ، ریگولیٹری اتھاریٹی کو یہ ڈاٹا بھیجا جائے گا۔اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو اس ویکسین کو متعارف کرنے کی اجازت مل جائے گی اور یہ دنیا کی پہلی طبی طور پرثابت نیزل کوویڈ ویکسین ہوگی۔ڈرگ کنٹرول جنرل آف انڈیا کی ماہرین کی کمیٹی نے اُصولی طورپر بھارت بائیوٹیک کو انٹرنیزل کوویڈویکسین کے لئے بوسٹرڈوز کے تیسرے مرحلہ کے تجزیہ کی منظوری دے دی ہے ۔یہ ہندوستان میں اپنی نوعیت کی پہلی نیزل ویکسین ہوگی۔بھارت بائیوٹیک دوسری بڑی کمپنی ہے جس نے ہندوستان میں تیسرے ڈوز کے لئے طبی تجربہ کے تیسرے مرحلہ کے لئے درخواست داخل کی ہے ۔یہ ویکسین کوویڈ کی شکل جیسے اومیکرون کو منتقل ہونے سے روکنے میں مدد کرے گی۔