نیشم کے چھکے کے وقت کوچ نے زندگی کی آخری سانس لیِ

   

آکلینڈ ۔19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا فائنل دنیائے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے سنسنی خیز فائنل قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا لیکن اس ڈرامائی فائنل کے اتار چڑھاؤ نے نیوزی لینڈ کے کرکٹر کے ابتدائی کوچ کی جان لے لی۔آل راونڈر جمی نیشام کی ابتدائی طور پر کوچنگ کرنے والے ڈیوڈ گورڈن کرکٹ ورلڈکپ کے آخری اوور میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ سابق کوچ کی بیٹی لیونی گورڈن کے مطابق سوپر اوور میں جب جمی نیشام نے چھکا لگایا تو ان کے والد نے آخری سانسیں لی۔ان کی بیٹی نے مزید کہا کہ دواخانہ کے بستر پر موجود ڈیوڈ گورڈن اسی طرح سے دنیا سے رخصت ہونا چاہتے تھے۔میچ کے آخری اوورز کے دوران نرس آئی اور اس نے کہا کہ ان کی سانس اکھڑ رہی ہے، میرے خیال میں جمی نیشام نے جس وقت سوپر اوور میں چھکا لگایا، اسی وقت میرے والد نے آخری سانس لی۔ لیونی گورڈن کے مطابق ان کے والد جمی نیشم سے اب بھی رابطے میں رہتے تھے اور انہیں ٹپس دیتے رہتے تھے۔نیوزی لینڈ کے آل راونڈر جمی نیشام کو خبر ہوئی تو انہوں نے بھی ابتدائی کوچ کو ٹوئٹر پر خراج عقیدت پیش کیا۔ جمی نیشام نے کہا کہ ڈیوڈ گورڈن کھیل سے بہت پیارکرتے تھے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ ان کی کوچنگ میں بہت کچھ سیکھا۔لیونی گورڈن نے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے والد کو آپ پر فخر تھا۔