پرتاپ گڑھ : ملک میں آج مہنگائی و بے روزگاری کے حالات اتنے شدید ہو گئے ہیں کہ عام لوگوں کا گزر بسر مشکل ہو گیا ہے ۔مہنگائی پر کنٹرول کے برعکس زیر اقتدار بی جے پی عوامی مسائل سے دھیان بھٹکانے کے لئے نیشنلزم کا سہارا لے کر گمراہ کرنے کا کام کر رہی ہے ۔ملک کا ہر شہری نیشنلسٹ ہے ،اس میں کوئی شک کی گنجائش نہیں ہے ۔حکومت عوامی مسائل خصوصی طور سے مہنگائی و بے روزگاری کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے ،اس لئے وہ عوام کا دھیان بھٹکانے کے لئے نیشنلزم کے متعلقہ میں روز بروز نئے ایشو لاکر گمراہ کرنے کا کام کر رہی ہے ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن مہنگائی و بے روزگاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ نفرت کی سیاست کے سہارے ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا ۔ حکومت عوامی مفاد کے برعکس اپنے مفاد پر زیادہ ترجیح دے رہی ہے ،یہی سبب ہے کہ ملک میں مہنگائی و بے روزگاری عروج پر ہے ،حکومت مہنگائی پر کنٹرول کر نئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بجائے عوام کو اب نیشنلزم کے نام پر ملک سے وابستہ جذبات کو بھنانے کا کام کر رہی ہے ۔حکومت کو معلوم ہے کہ اس شدید مسائل سے نجات کا ایک ہی راستہ ہے کہ نیشنلزم جیسے جذبات کو آگے لاکر عوام کا دھیان بھٹکایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی و بے روزگاری ملک کے اقتصادی نظام سے وابستہ اہم ایشو ہے ۔حکومت اس اہم معاملے کو نظر انداز کر ملک کے اقتصادی نظام سے کھلواڑ کرنے کا کام کر رہی ہے ۔روزگار کے مواقع اختتام کے دہلیز پر ہیں ،اور کمرتوڑ مہنگائی نے عام زندگی کو مفلوج بنا دیا ہے ،ایسے حالات میں لوگوں کے سامنے ایک جانب کنواں ہے تو دوسری جانب کھائی ہے ،جس کا تصفیہ نظر نہیں آرہا ہے ۔