ممبئی۔2؍اگست (ایجنسیز)ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے اعزازات میں شمار ہونے والے 71ویں نیشنل فلم ایوارڈ 2023 کا اعلان کل کردیا گیا۔ اس سال بہترین اداکار کا ایوارڈ شاہ رخ خان اور وکرانت میسی کو دیا گیا ہے۔ شاہ رخ خان کو یہ اعزاز فلم ’جوان‘ جبکہ اورکرانت میسی کو ’12ویں فیل‘ میں بہترین اداکاری کیلئے دیا گیا۔ اس کامیابی پر شاہ رخ خان نے ایک ویڈیو جاری کر کے حکومت ہند اور فلمی شائقین کا شکریہ ادا کیا ہے۔شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل ایوارڈ ملنے پر بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے جوری، وزارت اطلاعات و نشریات اور حکومت ہند کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ مجھ پر برسنے والے اس پیار سے میں بے حد متاثر ہوں۔ویڈیو میں انہوں نے فلم ’جوان‘ کے ہدایت کار ایٹلی اور پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کے مطابق یہ ایوارڈ میرے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ اداکاری صرف پیشہ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔ اسکرین پر سچ دکھانے کی ذمہ داری۔ میں سبھی کے پیار اور اس اعزاز کیلئے شکر گزار ہوں۔شاہ رخ خان کا شمار ہندوستان کے سب سے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ تقریباً 35 برسوں سے فلمی دنیا میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے اپنے کریئر کی شروعات تھیٹر سے کی، پھر ٹیلی ویژن پر آئے، جہاں ’فوجی‘ اور ’سرکَس‘ جیسے شوز سے مقبولیت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے فلمی دنیا کا رُخ کیا اور ’دیوانہ‘ جیسی فلم سے اپنا فلمی سفر شروع کیا۔
ان کے بعد ’بازیگر‘ اور ’ڈر‘ جیسی فلموں میں منفی کرداروں سے شہرت حاصل کی۔