نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم، حکومت ہند دھرمیندر پردھان نے 12 اگست 2024 کو نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) -2024 میں سالانہ درجہ بندی میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے والے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جامعہ ہمدرد کو یہاں منعقدہ تقریب میں توصیفی سند اور ٹرافی سے نوازا۔جامعہ ہمدرد کے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ اس نے فارمیسی انسٹی ٹیوشن کے زمرے میں ہندوستان میں دوبارہ اعٰٰی رینک (نمبر 1) حاصل کیا۔ جامعہ ہمدرد نے 2016 میں این آئی آر ایف کے آغاز کے بعد سے چھٹی مرتبہ فارمیسی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ اداروں کو جن نکات و خصوصیات کی بنیاد پر درجہ دیا جاتا ہے وہ ہیں تدریسی وسائل، تحقیق اور پیشہ ورانہ طریقہ کار، گریجویشن کے نتائج، آؤٹ ریچ اور شمولیت، اور تاثر وغیرہ شامل ہیں۔ جامعہ ہمدرد ‘یونیورسٹی’ کیٹیگری میں 40ویں اور مجموعی طور پر 62ویں مقام پر ہے جب کہ’میڈیکل‘ کیٹیگری میں اس کی رینکنگ 37ہے ۔ اس نے مینجمنٹ میں 78ویں پوزیشن حاصل کی ہے اور انجینئرنگ،کیٹیگری میں یہ 300-201 کے رینکنگ بینڈ میں شامل ہے۔ جامعہ ہمدرد کے چانسلر حماد احمد اور شیخ الجامعہ پروفیسرمحمد افشار عالم نے تمام اساتذہ، طلباء اور غیر تدریسی عملہ کے ممبران کو اس بڑی کامیابی کے لیے مبارکباد دی۔