ناگپور ۔ کیرالا کی ایک 10 سالہ نیشنل سائیکل پولوکھلاڑی کی ناگپور میں مشتبہ طور پر موت ہو گئی۔ وہ مہاراشٹر کے ناگپور میں ہورہے نیشنل سائیکل چمپئن شپ مقابلوں میں حصہ لینے آئی تھی۔ چمپیئن شپ کے آرگنائزنگ سکریٹری گجانن بردے نے میڈیا کو بتایا کہ متوفی، جس کی شناخت فاطمہ ندا شہاب الدین کے طور پر ہوئی ہے، جس کا تعلق کیرالا کے ضلع الاپپوزا سے تھا اور وہ سب جونیئر ایونٹ کے لیے کیرالا کی ٹیم کا حصہ تھیں۔ دو دن قبل اچانک بیمار ہوئی تھی۔ صبح پیٹ میں شدید درد کی شکایت پر فاطمہ ندا کو دھنتولی کے خانگی دواخانہ منتقل کردیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے ایم سیٹ انجیکشن لگانے کے بعد وہ گرگئی اور کچھ ہی دیر بعد اس کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ پر بات کرتے ہوئے دھنتولی پولیس اسٹیشن کی انسپکٹر پربھاوتی ایکورکے نے کہا کہ فاطمہ ندا شہاب الدین کی موت کا میڈیکو لیگل کیس شری کرشنا اسپتال سے موصول ہوا تھا۔ وہ پیٹ میں درد کی وجہ سے وہاں گئی تھیں اور انجکشن لگائے جانے کے پانچ منٹ بعد ہی اس کی موت ہوگئی۔ ایکورکے نے مزید کہا کہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور دھنتولی پولیس اسٹیشن میں حادثاتی موت کے معاملے میں مزید کارروائی اس کی تفصیلات کے مطابق ہوگی۔ رپورٹس کے مطابق چمپئن شپ کے لیے یہاں آنے والے کھلاڑیوں کو نیشنل فیڈریشن کی جانب سے نظر اندازکیا جا رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ فیڈریشن نے سائیکل پولو کھلاڑیوں کو رہائش اور کھانا فراہم نہیں کیا جو گزشتہ دو دنوں سے ناگپور میں کیمپ کر رہے تھے۔ یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ فیڈریشن کی لاپرواہی کی وجہ سے ندا فاطمہ کی موت ہوگئی۔