نئی دہلی ۔13 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج حکومت سے اپیل کی کہ نیشنل فوڈ سکیورٹی ایکٹ کے استفادہ کنندگان کو فی شخص 10 کیلوگرام اجناس رواں سال سپٹمبر تک فراہم کئے جائیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کو موسومہ مکتوب میں صدر کانگریس نے مطالبہ بھی کیا کہ 10 کیلوگرام اجناس فی شخص کی فراہمی چھ ماہ تک اُن لوگوں کو مفت دیئے جائیں جو غذائی عدم سلامتی کا شکار ہیںلیکن اُن کے پاس راشن کارڈس نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے افراد بنیادی طورپر نقل مقام کرنے والے مزدور ہوتے ہیں جن کے پاس راشن کارڈس ہونے کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ ملک بھر میں لاکھوں افراد بدحالی سے دوچار ہیں اور اُنھیں لاک ڈاؤن نے غذا سے عملاً محروم کردیا ہے ۔ یہ سانحہ کی مانند صورتحال ہے کہ ہندوستان کے پاس غذائی اجناس کا وافر اسٹاک ہوتا ہے لیکن جاریہ عالمی وباء جیسے ہنگامی حالات میں ہم لوگوں تک اجناس نہیں پہونچا پارہے ہیں۔ اُنھوں نے مکتوب میں کہا کہ موجودہ بحران نے کئی خاندانوں کو جو معاشی اعتبار سے نسبتاً مستحکم تھے ، غذائی عدم سلامتی اور غربت کی طرف بڑھا دیا ہے ۔ وباء کے خلاف ہماری لڑائی میں ہمیں یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ کوئی بھی بھوکا نہ سوئے ۔