نیشنل لوک عدالت میں 11 لاکھ سے زائد مقدمات کی یکسوئی

   

حیدرآباد۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) نیشنل لیگل سرویسیس اتھاریٹی کی جانب سے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں نیشنل لوک عدالت کا اہتمام کیا گیا جہاں ہائی کورٹ سے تحت کی عدالتوں تک زیر التواء مقدمات کی عدالت کے باہر یکسوئی کی راہ ہموار کی جاتی ہے۔ تلنگانہ میں منعقدہ نیشنل لوک عدالت میں 1106347 مقدمات کی یکسوئی کی گئی جن میں 363156 پری لٹیکیشن اور 743191 مختلف عدالتوں میں زیر التواء مقدمات شامل ہیں۔ لوک عدالت میں مقدمات کی یکسوئی کے ذریعہ استفادہ کنندگان کو 595 کروڑ معاوضہ منظور کیا گیا۔ ہائی کورٹ کے احاطہ میں منعقدہ لوک عدالت میں 2016 سے زیر التواء سڑک حادثہ سے متعلق معاوضہ کے معاملہ کی خوشگوار یکسوئی کی گئی۔ ہائی کورٹ لیگل سرویسیس کمیٹی نے جسٹس ایم بھٹاچاریہ کی نگرانی میں اس تنازعہ کی یکسوئی کی۔ نیو انڈیا اشورنس کمپنی لمیٹیڈ نے بی ٹیک کے طالب علم ٹی پون کمار کو 1.2 کروڑ کی عدائیگی سے اتفاق کیا۔ سڑک حادثہ میں یہ نوجوان شدید زخمی ہوا تھا۔ ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر اس نے 51 لاکھ معاوضہ کا دعویٰ کیا۔ لوک عدالت کے دوران انشورنس کمپنی نے 1.2 کروڑ معاوضہ بشمول سود کی ادائیگی سے اتفاق کیا۔ فریقین نے اتفاق رائے سے اس معاملہ کی یکسوئی کی۔ جسٹس پی سیام کوشی ایگزیکٹیو چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسیس اتھاریٹی نے نرمل ضلع میں لوک عدالت کا افتتاح کیا اور استفادہ کنندگان میں معاوضے کے چیکس تقسیم کئے۔ 1