نیشنل لوک میں63 ہزار مقدمات کی یکسوئی‘ 61 کروڑ معاوضہ کی ادائیگی

   

حیدرآباد/12 ستمبر ( سیاست نیوز) مقدمات کی باہمی مشاورت و اتفاق رائے سے یکسوئی کو یقینی بنانے نیشنل لوک عدالت کارگر ثابت ہوئی ۔ تلنگانہ میں 63347 کیسوں کی یکسوئی کی گئی ۔ حیدرآباد میں نیشنل لوک عدالت کی بنچس قائم کرکے شہر اور مختلف اضلاع کے مقدمات کی سماعت کی گئی۔ مختلف مقدمات اور خاص طور پر سڑک حادثات میں معاوضہ کے طور پر 61.5 کروڑ ادا کئے گئے۔ حکام نے معمولی نوعیت کے مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی اور عدالتوں میں طویل انتظار کے بجائے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے یکسوئی کی راہ ہموار کی ہے۔ اس سلسلہ میں لوک عدالت کے حکام فریقین کی کونسلنگ کرتے ہیں۔ حیدرآباد سٹی سیول کورٹ میں اتفاق رائے سے 695 سیول مقدمات کی یکسوئی کی گئی۔ چیف جج سوما لتا و ایڈیشنل چیف ججس پرتیما، کے پربھاکر راؤ، سریتا اور روجا رمنی نے صدارت کی۔ ونستھلی پورم کے 26 سالہ مدھو سدھن کو معاوضہ کے طور پر 26 لاکھ کا چیک حوالے کیا گیا۔ یہ نوجوان سڑک حادثہ کی قانونی لڑائی لڑ رہا تھا۔ 2018 میں ایک حادثہ میں اس کا ایک پیر ضائع ہوگیا ۔ ججس نے انشورنس کمپنی و نوجوان سے مشاورت کے بعد 26 لاکھ روپئے میں یکسوئی کی۔ ایک اور شہری مائیکل کو جس نے کرنول میں سڑک حادثہ میں اپنا پیر گنوایا اسے ٹریکٹر ڈرائیور نے 4.70 لاکھ روپئے کا معاوضہ ادا کیا ۔ ایڈیشنل چیف جج پرتیما نے معاوضہ سے متعلق فیصلہ سنایا۔ R