چنڈی گڑھ، 18 جولائی (یو این آئی) پنجاب میں جالندھر کے ضلع چائلڈ پروٹیکشن ( تحفظ اطفال ) کے آفیسر اجے بھارتی نے جمعہ کو بتایا کہ وزیر اعظم نیشنل چائلڈ ایوارڈ(پی ایم آر بی پی) کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نیشنل چائلڈ ایوارڈہر سال ایسے بچوں کو دیا جاتا ہے جن کی عمر 5 سے 18 سال کے درمیان ہو اور جنہوں نے دوسروں کے لیے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا ہو، یا جنہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور نمایاں کامیابیوں سے معاشرے پر مثبت اور براہ راست اثر ڈالا ہو۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایوارڈز کھیل، سماجی خدمت، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات، فنون و ثقافت اور اختراعات (انوویشن) جیسے شعبوں میں دیے جاتے ہیں۔ ہر وہ بچہ جو ہندستان کا شہری ہو، اس ایوارڈ کے لیے درخواست دے سکتا ہے ۔