بڑے پیمانے پر شجرکاری کی ستائش، ایم جے اکبر اور آر ایم دوبریال نے معائنہ کرایا
حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) نیشنل ڈیفنس کالج نئی دہلی کی ایک ٹیم نے ایر وائس مارشل تیج بیر سنگھ کی قیادت میں آج کنڈلہ کویا آکسیجن اربن فاریسٹ پارک کا میڑچل ضلع میں دورہ کیا۔ 15 رکنی وفد تلنگانہ کے دورہ پر ہے جس میں فوج، بحریہ اور فضائیہ سے تعلق رکھنے والے عہدیدار موجود ہیں جن کا تعلق انڈونیشیا، برما اور فلپائن سے ہے۔ وفد نے ریاست میں مختلف ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا جائزہ لیا ہے۔ نیشنل ڈیفنس کالج ٹیم نے فاریسٹ پارک کے دورہ کے موقع پر مختلف معلومات حاصل کی۔ پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ آر ایم دوبریال نے تلنگانہ میں ہریتا ہرم پروگرام کے علاوہ جنگل بچاو جنگل بڑھاؤ پروگرام کی تفصیلات بتائی۔ ویژول پریزنٹیشن اور تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ مرکزی ٹیم نے اربن فاریسٹ پارکس کی ترقی پر ریاستی حکومت کی ستائش کی۔ ٹیم نے بڑے پیمانے پر شجرکاری پروگرام کے انعقاد پر حیرت کا اظہار کیا۔ ایر وائس مارشل تیج بیر سنگھ اور ان کی ٹیم نے پارک میں تقریباً تین گھنٹے گذارے اور عہدیداروں سے مختلف پودوں اور ان کی افزائش کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے واکنگ ٹریک، چلڈرنس پلے ایریا، اوپن کلاس روم اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ پرنسپل چیف کنزریویٹر آف فاریسٹ کے علاوہ اس موقع پر چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ایم جے اکبر، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر وینکٹیشورلو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر