نیشنل کانفرنس عوامی اعتماد پر کھری اترنے کیلئے پُرعزم

   

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے آج کہاکہ سال2015کے بعد سے تعمیر و ترقی کے فقدان اور اقتصادی و معاشی بدحالی نے جموں وکشمیر کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ جموں وکشمیر میں جمہوریت پھر ایک بار پروان چڑھی اور لوگوں نے ووٹ پرچی میں اپنے اعتماد کو ظاہر کرتے ہوئے بھاری اکثریت میں انتخابات میں حصہ لیا اور اپنی آبائی جماعت نیشنل کانفرنس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں پارٹی عہدیداروں اور لیڈران سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میں جموں وکشمیر کے عوام نے اپنی آبائی جماعت نیشنل کانفرنس میں جو غیر متزلزل بھروسہ اور اعتماد ظاہر کیا ہے ہماری جماعت اُس پر کھرا اُترنے کی ہر ممکن کوشش کریگی اور ہماری جماعت ہر سطح پر یہاں کے عوام کو اولین ترجیح دیگی۔