نیشنل کانفرنس کشمیر کو اپنی سلطنت سمجھتی ہے :محبوبہ مفتی

   

سری نگر : پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز نیشنل کانفرنس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کو اپنی سلطنت سمھجتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سال 1987 کے اسمبلی انتخابات کے دوران نیشنل کانفرنس نے دھاندلیاں کیں کیونکہ وہ کسی تیسرے طاقت کو سامنے نہیں آنے دینا چاہتی ہے ۔موصوف صدر نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا: مجھے حیرت ہے کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کو اپنی سلطنت سمجھتی ہے الیکشن لڑنے کے متعلق حلال اور حرام کا سلسلہ اسی پارٹی نے شروع کیا تھا۔انھوں نے کہاکہ مرحوم شیخ صاحب سال 1947ء میں چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر تھے تب الیکشن لڑنا حلال تھا، وزیر اعظم بن گئے تب بھی حلال تھا لیکن جب وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹائے گئے تو 22سال تک الیکشن لڑنا حرام ہوگیا۔