نیشنل کانفرنس کے کارکنوں کو خریدنے کی کوششیں :فاروق عبداللہ

   

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کے کارکنوں کو خریدنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے کارکنوں کو دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے پر مجبور کرنے کے لئے طرح طرح کی تکلیفیں دی جا رہی ہیں۔فاروق عبداللہ نے یہ باتیں ہفتے کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز نوائے صبح کمپلیکس پر نیشنل کانفرنس کے کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ آج کل کس طرح کارکنوں کو خریدنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہیں عجیب عجیب تکلیفیں دی جا رہی ہیں۔ ان تکلیفوں کا مقصد ہمارے ورکروں کو دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے پر مجبور کرنا ہے ۔ اگر کوئی جماعت سے بھاگ رہا ہے تو آپ نہ گھبرائیں۔