کانگریس قائدین کو سیاسی انتقام کے جذبہ کے تحت نوٹس بھیجنے کا الزام
نئی دہلی: نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کئے جانے کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج ملک کے کئی شہروں میں پریس کانفرنس کی اور مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ گجرات میں کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نیشنل ہیرالڈ اخبار کے تعلق سے کئی طرح کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔پون کھیڑا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں رتی بھر بھی غیر قانونی سرگرمی شامل نہیں ہے۔ اس کے بعد بھی راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کے خلاف سیاسی انتقام کے جذبہ کے تحت نوٹس بھیجے گئے ہیں۔ نوٹس بھیجنے کا مقصد صرف سرخیاں بٹورنا ہے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ ہمارے لیڈران نے کچھ غلط نہیں کیا ہے اور وہ بے خوف ہو کر ای ڈی کے دفتر جائیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ برسراقتدار بی جے پی ان آوازوں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے جو وزیر اعظم سے سوال کرتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی راہول گاندھی کی شبیہ خراب کرنے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے، کیونکہ وہ بغیر ڈرے وزیر اعظم سے سوال کرتے ہیں۔دریں اثناء پارٹی کی گجرات یونٹ کے صدر جگدیش ٹھاکور نے کہا کہ پارٹی کارکنان اس معاملہ پر پیر کے روز ای ڈی کے دفتر کے باہر مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کل ای ڈی کے دفتر تک مارچ بھی نکالا جائے گا۔خیال رہے کہ ای ڈی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو نیا سمن جاری کرتے ہوئے 23 جون کو جبکہ راہول گاندھی کو 13 جون یعنی کل پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔ راہول گاندھی کی کل ای ڈی میں پیشی کے دوران کانگریس لیڈران ایک ساتھ جمع ہو کر حکومت کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج درج کرائیں گے۔ ملک بھر میں ای ڈی کے دفاتر کے باہر کانگریس لیڈران دھرنا دیں گے، جبکہ دہلی میں سی ڈبلیو سی کے ارکان ای ڈی کے صدر دفتر تک مارچ کریں گے۔