شوگر فیاکٹری انتظامیہ سے معاہدہ طئے ، ظہیرآباد میں رکن اسمبلی مانک راؤ کی پریس کانفرنس
ظہیرآباد 16/ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی ظہیرآباد کونینٹی مانک راؤ اور ڈی سی ایم ایس چیر مین ملکاپور شیو کمار نے ایم ایل اے کیمپ آفس میں طلب کردہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشکر کاشتکاروں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے نیشکر کے بلز کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور یہ کہ کسی ایک کاشتکار کا ایک روپیہ بھی کمپنی کی جانب سے واجب الادا نہیں رہے گا ۔ ان قائدین نے کہا کہ ریاستی وزیر خزانہ و صحت ٹی ہریش راؤ اور ٹرائیڈنٹ شوگرس فیکٹری کے انتظامیہ کے مابین طئے پائے معاہدہ کے مطابق نیشکر کاشتکاروں کے تمام بقایاجات ادا کردئے جائیں گے ۔ بصورت دیگر بقایاجات کی ادائیگی کیلئے کمپنی کے اثاثہ جات کی نیلامی کردی جائے گی ۔ ان قائدین نے کہا کہ جملہ بقایاجات کے منجملہ 2.98 کروڑ روپئے کے بقایاجات بنک میں جمع کردئے گئے ہیں جب کہ بقیہ رقومات کی جلد سے جلد ادائیگی کیلئے بھی انتظامیہ کو پابند کردیا گیا ہے ۔ ان قائدین نے یقین دلایا ہے کہ انہیں بقایاجات کی ادائیگی سے متعلق فکر مند ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے ۔ ان قائدین نے بعض قائدین کی جانب سے نیشکر بلز کے بقایاجات کی ادائیگی سے متعلق مگر مچھ کے آنسوبہاتے ہوئے شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوششوں کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ کمپنی کے مزدوروں کی تنخواہیں بھی ایصال کردی جائیں گی ۔ اس موقع پر آتما کمیٹی چیر مین پینٹاریڈی ، صدر بی آر ایس ظہیرآباد منڈل ایم جی راملو ، صدر بی آر ایس مگڑم پلی منڈل سرینواس ریڈی ، صدر بی آر ایس ظہیرآباد ٹاون سید محی الدین ، نرسملو ، دلّی وسنت ، سوامی ، بنڈی موہن ، اسرائیل بابی اور دوسرے اس پریس کانفرنس میں موجود تھے ۔
