ماؤسٹوں کی اطلاع پر کارروائی ، ہیلی کاپٹرس کے کئی چکر لگانے پر عوام میں خوف و دہشت
حیدرآباد ۔ /11 مارچ (سیاست نیوز) ضلع کتہ گوڑ م (بھدرادری) کے نیلادری پیٹ موضع میں اچانک پولیس کی بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کرنے پر زبردست ہلچل و خوف زدگی جیسا ماحول پیدا ہونے کا واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دن نیلادری پیٹ موضع میں ہیلی کاپٹر کو کئی چکر لگاتے ہوئے دیکھا گیا جس کی وجہ سے موضع کے عوام میں خوف و دہشت پائی گئی ۔ بتایا گیا کہ اتوار کے دن چھتیس گڑھ سے چار مرد افراد اور ایک خاتون کے اس موضع کو پہونچنے کی پولیس کو موصولہ ایک اطلاع پر مشتبہ نکسلائیٹس کے شکوک و شبہات پر موضع میں بڑے پیمانے پر پولیس نے ’’کومبنگ‘‘ کرنا شروع کردیا اورپولیس کو اس بات کی بھی توثیق ہوچکی تھی کہ چھتیس گڑھ سے اس موضع کو آنے والوں میں ایس اونگا ، ایس دیویا ، اے منگڈو اور ایم آدمی شامل ہیں ۔ سمجھا جاتا ہے کہ پولیس نے ان افراد کو اپنی حراست میں لے لیا اور ان کے ساتھ پائی جانے والی ایس دیویا کی بیوی ایس کوینی کو چھوڑ دیا گیا ہے ۔ پولیس نے ماؤیسٹ نکسلائیٹس سے متعلق بعض اشیاء اسلحہ و لٹریچر وغیرہ کو بھی ضبط کرلینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ جب اس واقعہ کی تفصیلات کے حصول کیلئے پہونچنے والے اخباری نمائندوںکو پولیس کی اسپیشل پارٹی ٹیموں نے درمیان میں ہی روک دیا اور بتایا جاتاہے کہ گاؤں میں بندوق کی گولیاں چلنے کی آوازیں بھی سنائی دیں ۔ موضع کے عوام نے بتایا کہ انہیں ایسا محسوس ہوا کہ موضع میں پولیس اور ماؤسٹ نکسلائیٹس کے مابین زبردست انکاؤنٹر کا واقعہ پیش آیا ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے جب اس واقعہ سے متعلق استفسار کرنے پر اب تک اس سلسلہ میں انہیں کوئی مصدقہ اطلاع نہ رہنے کا اظہار کیا ۔