ریاستی حکومت کی تجویز کو گورنر نے منظوری دے دی
امراوتی ۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر نیلم ساہنی آندھرا پردیش کی نئی اسٹیٹ الیکشن کمشنر ہونگی ۔ امکان ہے کہ ان کی اولین ذمہ داری منڈل پریشد اور ضلع پریشد انتخابات کے انعقاد کی ہوگی ۔ گورنر آندھرا پردیش بسوابھوشن ہری چندن نے ریاستی حکومت کی تجویز پر نیلم ساہنی کے نام کو منظوری دیدی ہے بشرطیکہ وہ موجودہ ذمہ داری سے سبکدوش ہوجائیں ۔ موجودہ الیکشن کمشنر نماگڈہ رمیش کمار کی معیاد جاریہ ماہ کے اواخر میں ختم ہوجائیگی ۔ مسٹر کمار اپنی خدمات کے آخری سال میں ریاستی حکومت کے ساتھ ٹکراو کی راہ پر تھے ۔ انہوں نے کورونا وباء کی وجہ سے ریاست میں مجالس مقامی انتخابات کو التواء کا شکار کردیا تھا جس کے چند دن بعد ہی ملک گیر لاک ڈاون کا اعلان ہوگیا تھا ۔ ان کے اس اقدام پر ریاستی وائی ایس آر کانگریس حکومت برہم ہوگئی تھی ۔ بعد ازاں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے خود ریاستی الیکشن کمشنر کو اپوزیشن تلگودیشم پارٹی کے حق میں ذات پات کی سیاست کا الزام عائد کیا تھا ۔ ریاستی الیکشن کمیشن و حکومت کے مابین کئی مواقع پر قانونی رسہ کشی بھی ہوئی اور ابھی تک ان کو حل نہیں کیا جاسکا ہے ۔ ریاتی حکومت نے پہلے ہی نئے ریاستی الیکشن کمشنر کا تقرر کردیا تھا تاہم رمیش کمار نے اس کے خلاف قانونی لڑائی کی اور وہ دوبارہ اس عہدہ پر بحال ہوگئے تھے ۔