رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور فیروز خاں کا دورہ، علاج کی بہتر سہولتوں پر مریضوں کا اظہار اطمینان، ڈاکٹر س کی کارکردگی کی ستائش
حیدرآباد ۔6۔ ستمبر (سیاست نیوز) نیلوفر ہاسپٹل اور مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل میں عوام کے لئے بہتر علاج کی سہولتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے دونوں سرکاری دواخانوں میں عصری آلات کی فراہمی کے ذریعہ غریبوں کے کارپوریٹ طرز کے مفت علاج کے اقدامات کئے ہیں۔ کانگریس رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی انچارج نامپلی محمد فیروز خاں نے آج دونوں ہاسپٹلس کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انیل کمار یادو نے اپنے رکن پارلیمنٹ ترقیاتی فنڈس سے دونوں ہاسپٹلس کے لئے دو عصری مشینوں کا انتظام کرنے کا تیقن دیا۔ نیلوفر ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ روی کمار اور کینسر ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ سرینواسلو اور آر ایم او نرملا نے کانگریس قائدین کو ہاسپٹل میں علاج کی سہولتوں سے واقف کرایا اور مزید ضرورتوں کے بارے میں نمائندگی کی۔ کانگریس قائدین نے تیقن دیا کہ وہ عنقریب وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے ساتھ دونوں ہاسپٹلس کا دورہ کریں گے اور تمام ضروری امور کی تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے دونوں ہاسپٹلس کی ترقی کے بارے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں اور انیل کمار یادو نے دونوں ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے آئی سی یو ، آپریشن وارڈ اور لیبر ڈیلیوری ریکوری وارڈ کا معائنہ کیا۔ کانگریس قائدین نے حال ہی میں قائم کردہ سنٹر آف ایکسلینس کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں نے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں ہاسپٹل کی خدمات میں بہتری آئی ہے۔ فیروز خاں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تعلیم اور صحت کے شعبہ جات پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ نیلوفر ہاسپٹل کے لئے درکار عصری آلات کا حکومت کی جانب سے انتظام کیا جائے گا۔ ہاسپٹل کے لئے 2G ایکو مشن کی خریدی کے لئے انیل کمار یادو نے ایم پی ترقیاتی فنڈ سے 50 لاکھ روپئے مختص کرنے کا تیقن دیا۔ کینسر ہاسپٹل کے بارے میں کانگریس قائدین کا کہنا تھا کہ آپریشن تھیٹرس انتہائی عصری ہوچکے ہیں اور روبوٹ کے ذریعہ آپریشن کئے جارہے ہیں۔ امریکہ اور دیگر ممالک کے ڈاکٹرس سے آن لائین مشورہ کرتے ہوئے مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ کینسر ہاسپٹل کو مائیکرو اسٹرائیکر مشن کی سربراہی کا رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے وعدہ کیا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے کینسر ہاسپٹل کو سالانہ 120 کروڑ فنڈس جاری کئے جاتے ہیں جبکہ ریاستی حکومت ہر سال 80 تا 90 کروڑ فنڈس جاری کرتی ہے۔ 1