نیلوفر ہاسپٹل سے مغویہ لڑکی اندرون چند گھنٹے بازیاب

   

سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نامپلی پولیس کی بروقت کارروائی

حیدرآباد2مارچ( سیاست نیوز) شہر کے بچوں کے مشہور نیلوفر ہاسپٹل سے اغوا 18ماہ کی لڑکی کو پولیس نے اندرون چند گھنٹے بچاتے ہوئے اس کی والدین کے حوالے کردیا۔ ضلع رنگاریڈی کے بوبلی گام گاوں کی رہنے والی جے مادھوی جو حاملہ ہے ، معمول کے چیک اپ کے لئے ، اپنی بہن اور بیٹی کے ساتھ چہارشنبہ کی صبح نیلوفر ہاسپٹل پہنچی۔ اس کے طبی معائنے مکمل ہونے کے بعد وہ رپورٹس حاصل کرنے کے لئے گئی اور رپورٹ حاصل کرنے کے لئے قطار میں ٹھہری ہوئی تھی کہ اس کی بیٹی جے یوویکا لاپتہ ہوگئی۔ مادھوی نے اس کی کافی تلاش کی کوشش کی تاہم اس کو ناکامی ہوئی۔ بعد ازاں اس نے نامپلی پولیس سے اس بات کی شکایت کی جس کے بعد پولیس نے ایک معاملہ درج کرلیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اس کی تلاش شروع کردی۔اس کی تلاش کے لئے پولیس کی 6 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔پولیس کو سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کے تجزیہ سے پتہ چلا کہ ایک خاتون ہاسپٹل سے اس لڑکی کو لے گئی۔ پولیس نے اندرون چند گھنٹے اس لڑکی کو بچالیا۔ اغواکرنے والی خاتون کی شناخت مکھتل‘ محبوب نگر کی رہنے والی سری دیوی کے طورپر کی گئی ہے ۔اس کو شہر کے علاقہ عطاپور‘سیندھی کمپاونڈ سے گرفتار کرتے ہوئے لڑکی کو بچالیاگیا۔ نامپلی پولیس انسپکٹر خلیل پاشاہ نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم کو فوری ہاسپٹل روانہ کیا گیا جبکہ دوسری ٹیم نے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی جانچ شروع کردی تھی جس میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ ایک خاتون ایک بچی کے ساتھ ہاسپٹل سے باہر آرہی ہے جو گمشدہ بچی سے مماثلت رکھتی ہے۔ خلیل پاشاہ کی اس معاملہ کو حل کرنے میں چوکسی کی ہر گوشہ سے ستائش کی جارہی ہے ۔ ع