نیند سے بیدار ہوئی ، کھیلی ، پھر ہمیشہ کیلئے سوگئی!

   

پانچ سالہ معصوم بچی کی قلب پر حملہ سے موت ، والدین مجسم غم ،کریم نگر میں افسوسناک واقعہ

کریم نگر ۔16 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں ایک افسوسناک سانحہ پیش آیا، جہاں دل کا دورہ پڑنے سے پانچ سالہ بچی کی موت ہوگئی۔ جو بچی کچھ دیر پہلے تک اپنے والدین کے سامنے کھیل رہی تھی، اچانک بے جان ہوکر گر گئی، جس سے پورے خاندان میں کہرام مچ گیا۔ کریم نگر ضلع کے جمی کنٹہ سے تعلق رکھنے والے راجو اور جمونا کی پانچ سالہ بیٹی اوکلو منگل کی صبح جب نیند سے جاگی، تو کچھ دیر تک کھیلتی رہی، پھر اس نے اپنی ماں سے سر چکرانے کی شکایت کی۔ والدین فوری اُسے قریبی اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے بچی کا معائنہ کیا اور اس کی نازک حالت دیکھ کر ہنمکنڈہ کے سرکاری اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا۔ فوری طور پر بچی کو ہنمکنڈہ لے جایا گیا، لیکن وہاں پہنچنے کے بعد، ڈاکٹرز کے معائنے کے دوران ہی بچی کی موت ہوگئی۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچی کو دل سے متعلق مسائل تھے، لیکن والدین کو اس کا علم نہیں ہو سکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاید انہی مسائل کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا ہوگا۔ اپنی لاڈلی بیٹی کی موت کی خبر سنتے ہی والدین غم سے نڈھال ہوکر زاروقطار رونے لگے۔ بچی کی دل کے دورے سے موت کی خبر سن کر جمی کنٹہ کے علاقے میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔