شیر کے حملہ سے قبل بچ کر باہر نکل گئی
حیدرآباد ۔22۔ اگست (سیاست نیوز) امریکہ کے نیو جرسی میں واقع زوالوجیکل پارک میں ایک خاتون نے بنگال ٹائیگر انکلوژر میں داخل ہوکر شیر سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی ۔ قبل اس کے شیر خاتون پر حملہ کردے ، وہ تیزی سے انکلوژر کے باہر نکل گئیں اور اپنی جان بچالی۔ اس واقعہ کا ویڈیو امریکہ میں تیزی سے وائرل ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک امریکی خاتون فینسنگ عبور کرتے ہوئے نیو جرسی کے زو میں بنگال ٹائیگر انکلوژر میں داخل ہوئی۔ برجٹن پولیس کے مطابق خاتون نے شیر کو چھونے کی کوشش کی اور شیر بھی خاتون کے قریب پہنچ چکا تھا۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ خاتون شیر سے چھیڑ چھاڑ کرنے لگی اور 500 پونڈ وزنی شیر خاتون کے ہاتھ کو کاٹنے کیلئے بڑھا کہ اچانک خاتون انکلوژر سے باہر نکل گئی۔ محکمہ پولیس کی جانب سے یہ ویڈیو پوسٹ کیا گیا تھا تاہم بعد میں ڈیلیٹ کردیا گیا۔ پولیس نے ویڈیو کے ساتھ عوام کو مشورہ دیا کہ وہ زو میں جانوروں کے انکلوژر کے فینسنگ کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کا کوئی بھی اقدام غیر قانونی تصور کیا جائے گا ۔ پولیس نے انتباہ دیا کہ اس طرح کی حرکت کرنے پر زو میں دوبارہ داخلہ پر پابندی عائد کردی جائے گی۔نیوجرسی کے زومیں دو بنگال ٹائیگرس ہیں جن کے نام رشی اور مہیشا ہیں۔ دونوں آپس میں بھائی بتائے گئے ہیں اور 2016 میں وہ شیرخوار بچوں کے طور پر زو میں شامل کئے گئے تھے ۔ بنگال ٹائیگرس کو عام طور پر ہندوستانی شیر بھی کہا جاتا ہے۔اکتوبر 2022 تک دنیا میں 3500 بنگال ٹائیگرس کی موجودگی کا اندازہ کیا گیا۔ 1