نیوجرسی کے گورنر نے سکھ برادری کی زبردست ستائش کی

   

واشنگٹن ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوجرسی کے گورنر فل مرفی نے ریاست کی ترقی میں امریکی سکھوں کے رول کی زبردست ستائش کی۔ فل مرفی نے سکھوں کی روایتی پگڑی پہن رکھی تھی اور اپنی تقریر کا آغاز سکھوں کے انداز میں ’’واہے گروجی کا خالصہ، واہے گروجی کی فتح‘‘ کا روایتی جملہ ادا کرکے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوجرسی ایک ایسی ریاست ہے جس کی ترقی میں ہر قوم نے اپنا اپنا رول دیانتداری کے ساتھ ادا کیا ہے جس میں سکھ برداری کا بھی اہم رول ہے۔ اگر اس منظرنامہ میں سکھ برادری نہ ہوتی تو سوچئے کہ یہ ماحول اور منظرنامہ کتنا اکتا دینے والا (بورنگ) ہوتا؟! سکھ مت کے بانی گرونانک دیوجی کے 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر نیوجرسی پرفارمنگ آرٹ سنٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ تقریب کا اہتمام ’’لیٹس شیئر اے میل‘‘ نے سکھ چیمبر آف کامرس (SACC)، دھن گرونانک جھتہ اور ساوا کے تعاون سے کیا تھا۔
اس موقع پر امریکہ کی تاریخ میں پہلے سکھ اٹارنی جنرل اور نیوجرسی کے 61 ویں اٹارنی جنرل گربیر سنگھ گریوال نے سکھ برادری کی زبردست ستائش کرتے ہوئے شہید ہندوستانی نژاد امریکی سکھ پولیس آفیسر سندیپ سنگھ دھالیوال کا بھی تذکرہ کیا جنہیں ستمبر میں ایک ٹریفک اسٹاپ کے پاس ڈیوٹی کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔