کرائسٹ چرچ : کارگذار کپتان ٹام لیتھم کی پانچویں بین الاقوامی سنچری نے حریف کارگذار کپتان تمیم اقبال کی ونڈے میں پچاسویں نصف سنچری کو بے رنگ کیا ، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے دوسرے مقابلے میں پانچ وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف رواں تین مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے ۔ اس مقابلے میں دلچسپ پہلو دونوں ہی ٹیموں کے کپتانوں کی جانب سے اپنی ٹیم کے لئے اعظم ترین اسکور بنانا ہے اور دونوں ہی کپتان کارگذاری کررہے تھے ۔ بنگلہ دیش کیلئے تمیم اقبال نے 78 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 271/6 تک پہونچایا جبکہ نیوزی لینڈ کیلئے لیتھم نے ناقابل تسخیر 110 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 275/5 میں اہم رول ادا کیا جس کے بدولت میزبان ٹیم نے 10 گیندیں قبل ہی کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ حاصل کرلیا ۔ لیتھم نے چوتھی وکٹ کیلئے ڈیون کونوے کے ساتھ 113 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جبکہ جمی نیشم کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 30 رنز کی اہم پارٹنرشپ نبھائی ۔ علاوہ ازیں کونوے نے 72 رنز کی اہم اننگز کھیلی جوکہ نیوزی لینڈ کیلئے ان کی پہلی نصف سنچری بھی ہے ۔ کونوے اقبال کی گیند پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ خود اقبال پہلی اننگز میں نیشم کی گیند پر رن آؤٹ ہوئے تھے ۔ بنگلہ دیش نے سیریز کے افتتاحی مقابلے کے برعکس اس میچ میں کافی بہتر مظاہرہ کیا کیونکہ پہلے مقابلے میں اس نے صرف 131 رنز بنائے تھے جس کی وجہ سے اسے مقابلے میں 8 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اقبال اور محمد متھن کی جانب سے ناقابل تسخیر 73 رنز کی بدولت مہمان ٹیم نے بہتر بیٹنگ مظاہرہ کیا ۔ اسکور بورڈ پر قابل دفاع اسکور درج کرنے کے بعد بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو جلد پویلین بھیج دیا جیسا کہ مارٹن گپٹل (20) ، ہنری نکولاس (13) اور ول ینگ (1) کو آؤٹ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے اسکور کو 53/3 تک کرتے ہوئے اپنی کامیابی کی اُمیدوں کو مستحکم کیا تھا۔ بنگلہ دیش نے 38 ویں اوور میں اُس وقت پہلی غلطی کی جب نیشم 3 رن بناکر کھیل رہے تھے ، اس وقت فاسٹ بولر تسکین احمد کی گیند پر وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحمن نے ان کا کیچ چھوڑا ، بعد ازاں جب لیتھم 58 رنز پر کھیل رہے تھے اس وقت مہدی حسن کو اپنی ہی گیند پر انھیں کیچ پکڑتے ہوئے آؤٹ کرنے کا موقع ملا تھا جسے اُنھو ں نے گنوادیا اس کے بعد لیتھم نے مزید جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو سیریز میں کامیابی دلوانے والی اننگز کھیلی ۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے لیتھم نے کہاکہ یقینا ٹیم کی کامیابی کیلئے بہتر مظاہرہ کرنا شاندار احساس ہے ۔ بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں قابل تعاقب اسکور پر روکنے کے بعد ہم نے محسوس کیا تھا کہ آدھا مقابلہ اپنے نام کرلیا گیا ہے لیکن بنگلہ دیش نے ہمارے ٹاپ آرڈرس کو جلد آؤٹ کرتے ہوئے مقابلے کو دلچسپ بنادیا تھا ۔ قبل ازیں تمیم اقبال نے سست شروعات کے بعد اپنے کیرئیر کا ایک اور سنگ میل عبور کیا جیسا کہ انھوں نے 84 گیندوں میں پچاسویں نصف سنچری مکمل کی۔ تمیم نے اپنی اننگز کے دوران کئی شاندار اسٹروکس کھیلے ، تاہم وہ 31 ویں اوور میں رن آؤٹ ہوئے ۔ تمیم نے دوسری وکٹ کیلئے سومیا سرکار کے ساتھ 81 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی حالانکہ دوسرے ہی اوور میں اسے اپنے اوپنر لیٹن داس (0) کا نقصان اُٹھانا پڑا ۔ سومیا سرکار نے 46 گیندوں میں مثبت انداز سے 32 رنز اسکور کئے ۔ اننگز کے اختتامی اوورس میں متھن نے تیز رفتار بیٹنگ کی جس میں انھوں نے پہلے 42 گیندوں میں چھکا مارتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی جبکہ 57 گیندوں کی اننگز میں انھوں نے 6 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ لیتھم کو شاندار اننگز پر مقابلے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ جمعہ کو کھیلا جائے گا ۔