نیوزی لینڈ۔سری لنکا ٹی 20 مقابلے میں 429 رنز کا اسکور

   

نیلسن ۔ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر سال2025 کے پہلے انٹرنیشنل میچ میں جب گیند اور بلے کا تصادم ہوا تو جو کچھ ہوا اسے ایک دھماکہ ہی کہا جا سکتا ہے۔ اس میچ میں نظر آنے والی ہر چیز کرکٹ کے شائقین کو سنسنی دے سکتی ہے۔ نتیجہ تک پہنچنے سے قبل سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا یہ میچ آخری اوورکی آخری گیند تک جاری رہا۔ اس میچ میں چھکوں کی بارش ہوئی اور رنزکا پہاڑ بھی۔ آخر میں سری لنکن ٹیم اپنی حیرت انگیز فتح کی کہانی لکھنے میں کامیاب رہی۔ نیوزی لینڈ بمقابلہ سری لنکا اس میچ میں 429 رنزکا ریکارڈ بنایاگیا ۔ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز تیسرا اور آخری میچ میں مقابلہ اتنا سخت تھا کہ زیادہ اسکور کے باوجود فتح اور شکست کا فرق صرف 7 رنزکا رہ گیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر218 رنز بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈکی ٹیم نے بھی اپنا سب کچھ دے دیا لیکن ہدف سے 7 رنزکم رہی۔ انہوں نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر211 رنز بنائے۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے اسکورکو جوڑ کر میچ میں مجموعی طور پر 429 رنز بنے۔سری لنکا نے میچ میں 12 چھکے لگائے تو جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 13 چھکے لگائے۔ لیکن اس کے بعد بھی نیوزی لینڈ کو 25 چھکوں کے اس میچ میں آخری نمبر پر آنے کے بعد شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ کیوی ٹیم کی سیریز میں کلین سویپ کرنے کی امیدیں بھی دم توڑگئیں۔ انہوں نے آخری میچ ہارنے کے باوجود سیریز 2-1 سے جیت لی۔