نیوزی لینڈ: آتش فشاں کے تین آخری مہلوکین کی شناخت بھی مکمل

   

ویلنگٹن ۔ 17 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے وائیٹ آئی لینڈ میں آتش فشاں پھٹنے سے ہلاک ہونے والے تمام افراد کی شناخت کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کی پولیس نے اس دوران دو آسٹریلیائی اور امریکی مہلوکین کے ناموں کی توثیق کردی ۔ یاد رہے کہ 9 ڈسمبر کو سیاحوں کے پسندیدہ مقام وائیٹ آئی لینڈ کے قریب آتش فشاں پھٹنے سے 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ بری طرح جھلسنے والوں کی تعداد 17 تھی جن کا ہنوز علاج جاری ہے ۔ فارنسک ضابطوں کی طویل کارروائی کے بعد جن تین افراد کی شناخت عمل میں آئی ہے ان دو آسٹریلیائی 32 سالہ رچرڈ ایلزر اور 47 سالہ جولی رچرڈس اور ایک امریکی شہری (جو آسٹریلا میں سکونت پذیر تھی ، باربرا ہولینڈر بتائے گئے ہیں۔