نیوزی لینڈ قتل عام: قاتل کے اہل خانہ کی معذرت خواہی

   

سڈنی،18مارچ (سید مجیب کی رپورٹ) نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کے اہل خانہ بھی صدمہ سے دوچار ہیں ، انہوں نے شہداء کے ورثا اور زخمیوں سے معافی مانگی ہے ۔مساجد پر حملہ کرنے والے آسٹریلین دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کے آسٹریلیا میں موجود اہل خانہ نے بھی واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔حملہ آور کے چچا ٹیری فٹز جیرالڈ اور دادی میری کا کہنا ہے کہ وہ افسردہ اور غمزدہ ہیں، انہوں نے بتایا کہ یہ سننا اور دیکھنا آسان نہیں تھا ، ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں اور وہ شہید ہونے والوں کے ورثا سے معافی مانگتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2010 میں اپنے باپ کے انتقال کے بعد برینٹن یوروپ کے دورے پر گیا اور اس دورے میں وہ مکمل طور پر تبدیل ہوگیا ۔دوسری جانب آسٹریلین پولیس نے برینٹن ٹیرنٹ کی والدہ اور بہن کو حفاظتی تحویل میں لے کر سیف ہاؤس میں رکھا ہوا ہے ، برینٹن کی فیملی تحقیقات میں پولیس کی مدد کر رہی ہے ۔