نیوزی لینڈ قتل عام کے 6شہیدوں کی نعشیںورثاء کے حوالے

   

کرائسٹ چرچ۔19مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ مسجد میں ہوئے قتل عام میں شہید افراد میں سے 6کی نعشیں ورثاء کے حوالے کی گئیں ۔ نعشوں کی حوالگی میں تاخیر سے عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام شہیدوں میں سے صرف کچھ نعشوں کی ہی مکمل طور پر شناخت عمل میںآئی ہے جبکہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام 50نعشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوچکا ہے لیکن حیرت انگیزطور پر صرف 12نعشوں کی ہی شناخت مکمل ہوئی ہے ۔نعشوں کی حوالگی میں تاخیر سے شہیدوں کے ارکان خاندان میں اس لئے بھی غم و غصہ پایا جارہا ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق نعشوں کی تدفین اندرون 24گھنٹے کرنا چاہتے تھے جیساکہ شرعی حکم ہے ۔ ایک 23سالہ نوجوان محمد صفی جس کے والد مطیح اللہ صفی النور مسجد میں شہید ہوئے نے بتایا کہ حکام ان کے ساتھ کوئی خاص تعاون نہیں کررہے ہیں ۔ ان سے جب جب نعشوں کی عاجلانہ حوالگی کیلئے کہا جاتا ہے وہ یہی کہتے ہیں کہ ضابطہ کی کارروائی جاری ہے ۔