نیوزی لینڈ مدمقابل ، افغانستان کو کرشمہ کرنا ہوگا

   

ناٹنگھم۔ 8جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ میں زبردست فارم میں چل رہی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ایشیائی ٹیموں کے خلاف اپنے ابتدائی دونوں مقابلے جیت چکی ہے اور ہفتہ کو افغانستان کے خلاف اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے ایشیائی ٹیموں کے خلاف جیت کی ہیٹ ٹرک کے مقصد کے ساتھ اُترے گی۔ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف پہلا مقابلہ 10 وکٹ سے یکطرفہ انداز میں جیتا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش سے ملی سخت ٹکر کے بعد اس نے دو وکٹ سے جیت درج کی تھی۔ اس کے سامنے ابھی ٹانٹنگھم میں تیسری ایشیائی ٹیم افغانستان ہوگی جو آئی سی سی ورلڈ کپ میں دوسری بار کھیل رہی ہے اور ابتدائی دونوں میچوں میں آسٹریلیا سے سات وکٹ اور سری لنکا سے 34 رن سے ہار برداشت کر چکی ہے ۔افغانستان کے پاس اس ٹورنامنٹ میں کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے لیکن بڑی ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی اس کے مستقبل اور حیثیت کیلئے اہم ہے ۔ پریکٹس میچوں میں 1992 ء کی چیمپئن پاکستان کو اُلٹ پھیر میں ڈالنے کے بعد اس سے امیدیں کافی بڑھ گئی ہیں اور وہ بھی ورلڈکپ میں اپنی پہلی جیت کیلئے پورا زور لگائے گی۔