نیوزی لینڈ میں اچانک آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑا

   

کئی بیرونی سیاح ہلاک ، 12 ہزار فٹ بلندی تک دھواں
آکلینڈ ۔ 9 ڈسمبر (سید مجیب) نیوزی لینڈ کے جزیرہ وہائیٹ آئیلینڈ پر دن کے 2 بجکر 11 منٹ (مقامی وقت) پر زبردست دھماکہ سے آتش فشاں پہاڑ اچانک پھٹ پڑا جس کی وجہ سے قریب میں موجود کئی غیرملکی سیاح ہلاک ہوگئے۔ فضاء میں 12000 فیٹ کی بلندی تک کثیف دھواں پھیل گیا۔ پولیس کو 2 بجکر 17 منٹ دن اطلاع دی گئی جو اپنی کارروائی میں مصروف ہے۔ کئی سیاح ہلاک ہوگئے۔ صحیح تعداد ہنوز نامعلوم ہے۔ تاہم تقریباً 50 سیاح آتش فشاں پہاڑ کے قریب موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر جان سنس نے شام 6 بجکر 35 منٹ (مقامی وقت) پر منعقدہ پریس کانفرنس میں اطلاع دی کہ جزیرہ کی سیر خطرناک ہے۔ فضاء میں راکھ اور آتش فشانی ملبہ ہنوز موجود ہے۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ نے بھی پریس کانفرنس میں شرکت کرکے انسانی جانوں کے ضائع ہونے پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرہ میں اس دھماکہ کے زیراثر موسلادھار بارش ہوئی اور کئی پل اور انفراسٹرکچر سیلاب میں بہہ گئے۔ وہائیٹ آئیلینڈ اپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے مقبول سیاحتی مرکز ہے اور بے شمار سیاح بحری جہازوں سے اس جزیرہ پر آتے ہیں۔