نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے کی مذمت ، موم بتی جلوس

   

ذرائع ابلاغ کی نمائندگی ، نمائندہ سیاست برائے نیوزی لینڈ سید مجیب نے کی

آکلینڈ /17 فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) آکلینڈ کے چوراہے سے پلوامہ میں جیش محمد دہشت گردوں کے حملے میں ہلاک ہوجانے والے 44 سی آر پی ایف جوانوں کے سوگ میں ایک موم بتی جلوس نکالا گیا جو بعد میں ایک جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا جس سے برسر اقتدار اور اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ مختلف تنظیموں کے صدور اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے سیاست کے نمائندے برائے نیوزی لینڈ سید مجیب نے شرکت کی ۔ جلوس میں ایک ہزار سے زائد افراد موجود تھے ۔ جن میں ہندوستان کے اس مصیبت کے وقت اس سے تعاون کرنے اور اس کا ساتھ دینے کے علاوہ حملے کے سرپرستوں اور اس کیلئے مالیہ فراہم کرنے والے ممالک کی مذمت کی گئی ۔ جلسہ عام میں ہندوستان کی تائید اور پاکستان کی مذمت میں مردہ باد ، زندہ باد کے نعرے بھی بلند کئے گئے ۔ شرکت کرنے والوں میں کنول جیت سنگھ بخشی رکن پارلیمنٹ ، پرم جیت پرمار رکن پارلیمنٹ ، سید مجیب نمائندہ سیاست برائے نیوزی لینڈ اور دیگر مشاہیر اور تنظیموں کے صدور شامل تھے جنہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا اور کہا کہ نیوزی لینڈ ہمیشہ سے دہشت گردی کی تمام اشکال و نوعیتوں کی مذمت کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا ۔ نیوزی لینڈ کی خواہش ہے کہ دنیا دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہوجائے اور ایک پُرامن و خوشحال سیارہ بنی نوع انسان کی رہائش کیلئے بن جائے ۔