ماؤنٹ مانگنوئی، 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے ممتاز وکٹ کیپر مہیندر سنگھ دھونی کے ورلڈ کپ کے ٹیم سے باہر رہنے پر نوجوان ریشبھ پنت کو ٹیم میں پہلی پسند کا وکٹ کیپر مانا جارہا تھا لیکن نیوزی لینڈ دورے میں وہ صرف تماشائی بن کر رہے گئے اور اب تک آٹھ میچوں میں ایک میچ میں بھی موقع نہیں مل سکا ہے۔ ہندوستان کو پچھلے سال انگلینڈ میں ہوئے آئی سی سی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں نیوزلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس شکست کے لیے بہت حد تک دھونی کو مورد الزام ٹھہرایا گیا تھا جو آخری اووروں میں رن آؤٹ ہوئے تھے ۔ دھونی نے اس کے بعد خود کو جیسے ہندوستانی ٹیم سے باہر کر لیا۔ ساتھ ہی سلیکشن کمیٹی کے اس وقت کے چیف ایم ایس کے پرساد نے بھی واضح کر دیا کہ ٹیم کی توجہ مستقبل پر ہے اور پنت ان کی پہلی پسند کے وکٹ کیپر ہیں۔ 22سالہ پنت کو اس کے بعد مسلسل مواقع ملتے رہے لیکن وہ ہر موقع کو دونوں ہاتھوں سے گنواتے رہے ۔ ٹیم مینیجمنٹ، کپتان وراٹ کوہلی، نائب کپتان روہت شرما اور پرساد نے پنت کی صلاحیت پر مسلسل اعتماد ظاہر کیا لیکن وہ ہر بار مایوس کرتے رہے ۔ پنت کے نیوزی لینڈ کے دورے میں ٹی20، ونڈے اور ٹسٹ تینوں ہی فارمیٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف گھریلو ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں ممبئی میں کھیلے لیکن اس دوران زخمی ہوگئے ۔