ویلنگٹن، 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ میں گذشتہ دنوں میں کورونا وائرس ‘کووِڈ۔19’ کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے لہٰذا آج نصف شب سے یہاں نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی۔ نیوزی لیند میں اب تک اس وائرس کے تقریباً 1497 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ ہیلتھ ڈائریکٹر جنرل ایشلے بلومفیلڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک میں اس وائرس کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد بڑھ کر 21 ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 1042 افراد اب تک اس وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ دو افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں لیکن ایک بھی شخص آئی سی یو میں نہیں ہے ۔نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے آج کہا،‘ حکومت بے حد چیلنج بھرے ماحول میں مالی سال 2020 کا بجٹ جمعرات کو پیش کرے گی۔ عالمی وبا کووِڈ-19 نے صرف ہماری ہی نہیں بلکہ عالمی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے ۔ دنیا کے ہر ملک کی طرح ہم بھی اس سے ابھرنے میں کامیاب ہوں گے ۔ یہ بھی واضح کر دینا چاہتی ہوں کہ ہمیں اس سے ابھرنے میں کافی وقت لگے گا اور ہم کامیاب ہوں گے ’۔وزیر دفاع پینی ہینارے نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں ایمرجنسی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔