نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیت لی

   

انگلینڈ دوسری اننگز میں 122 رنز پر ڈھیر ، فاسٹ بولر ہینری مقابلہ کے بہترین کھلاڑی

برمنگھم : ہندوستان کے خلاف ورلڈ ٹسٹ چمپئین شپ سے قبل میزبان انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی دو مقابلوں کی سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ نے 8 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز 1-0 سے اپنے نام کرلی ہے ۔ نیوزی لینڈ کو اس مقابلہ میں کامیابی کیلئے 38 رنز کا نشانہ ملا جسے اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر 41 رنز کی شکل میں حاصل کرلیا ۔ انگلینڈ جس نے اپنے گزشتہ روز 122/9 سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا لیکن آج وہ اپنے مجموعی اسکور میں ایک رن کا بھی اضافہ نہیں کرپائی اور 122 رنز پر ہی اس کی دوسری اننگز ختم ہوگئی جس کے بعد نیوزی لینڈ کو کامیابی کیلئے صرف 38 رنز کا نشانہ ملا لیکن اسے اس آسان نشانہ کے حصول کیلئے بھی دو وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ مقابلہ میں کارگزار کپتان ٹام لیتھم نے ناقابل تسخیر 23 رنز جبکہ راس ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے ۔ آؤٹ ہونے والے بیٹسمینوں میں ڈیون کون وے نے 3 رن اور ویل ینگ نے 8 رن اسکور کئے ۔ انگلینڈ کیلئے اسٹیورٹ براڈ نے 13 رنز کے عوض اور اولی اسٹون نے 5 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ قبل ازیں میاٹ ہینری نے 36 رنز کے عوض 3 اور نیل ویگنر نے 18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ علاوہ ازیں ٹرنٹ بولٹ نے 2 اور اعجاز پٹیل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز انتہائی ناکام رہی جیسا کہ اعظم ترین اسکور مارک ووڈ نے بنایا ۔ ووڈ نے 38 گیندوں میں 29 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوسرا اعظم ترین اسکور اوولی پاپ نے 23 رنز کی شکل میں بنایا اور شاندار بولنگ پر میاٹ ہینری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔