کراچی ۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دورہ پاکستان ختم کردیا۔چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ہمارے لیے دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں ٹیم واپس جارہی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے آج کہا ہے کہ انہیں کوئی سیکیورٹی انتباہ موصول ہوا ہے جس کے بعد انہوں نے یکطرفہ طور پر سیریز منسوخ کردی ہے۔پی سی بی نے کہا ہے کہ بورڈ اور پاکستانی حکومت نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے، جبکہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے بھی بات چیت کی۔کرکٹ بورڈ کے بموجب وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کروائی۔ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے کہا کہ ہمارا انٹیلی جنس سسٹم دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹم میں سے ایک ہے،نیوزی لینڈ کی ٹیم کیلئے کوئی سیکیورٹی خدشہ نہیں ہے۔پی سی بی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے سیکیورٹی حکام پاکستانی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی اقدامات پر مطمئن تھے۔ پی سی بی سیریز شیڈول کے مطابق چاہتا ہے، تاہم دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو اس آخری لمحے میں کئے گئے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابقاس سے قبل سیکیورٹی حکام اور پی سی بی نے کئی گھنٹوں تک نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو قائل کرنے کی کوشش کی تاہم منانے کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ونڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز مقرر تھی ۔