نیوزی لینڈ نے دوسرے T20 میں انگلینڈ کو ہرادیا

   

سیریز 1-1 سے برابر، سانٹنر میان آف دی میچ

ویلنگٹن ۔ 3 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے ولنگٹن میں آج کھیلے گئے دوسرے T20 میچ میں انگلینڈ کو 21 رنوں سے شکست دے کر سیریز کو 1-1 سے مساوی کردیا ۔ نیوزی لینڈ کو پہلے میچ میں سات وکٹوں سے بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس نے آج شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے مقرر 20 اوور میں آٹھ وکٹوں پر 176 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا ۔ مارٹن گپتل نے 28 گیندوں میں شاندار 41 رنز اسکور کئے جبکہ جمی نیشم نے 22 گیندوں میں 42 رنز اسکورکئے جس میں چار چھکے شامل تھے ۔ نیشم اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ گراندھوم نے اننگز کو مزید بہتر بنانے میں اہم رول ادا کیا اور 12 گیندوں میں 28 رنز بنائے ۔ جواب میں انگلینڈ کی شروعات اچھی رہی جس نے 11 اوور میں چار وکٹوں پر 91 رنز بنالئے تھے لیکن نیوزی لینڈ کے بولرس نے باقی 9 اوورس میں خطرناک بولنگ کی اور انگلینڈ کی اننگز کو تہس نہس کردیا ۔ نیوزی لینڈ کے سانٹنر نے 25 رنز دے کر تین اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹیم ساوتھی ، فرگیوسن اور سودھی نے فی کس دو دو وکٹ لئے اور انگلینڈ کی ساری ٹیم 19.5 اوور میں 155 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوگئی جبکہ ایک گیند باقی تھی۔ انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن نے یہ اعتراف کیا کہ ناقص فیلڈنگ میچ میں شکست کی وجہ رہی اور اس کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک طرف کئی کیچس چھوٹ گئے اور دوسری طرف مسلسل وکٹس گرنے سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ۔ مورگن کا کہنا ہے کہ میچ میں غلطیاں ہوتی ہیں لیکن ان سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔