نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز ٹی20 میں ویسٹ انڈیز کو 9 رنز سے شکست دی

   

نیلسن، 9 نومبر (آئی اے این ایس) جیکب ڈفی اور ایش سْودی کی بہترین بولنگ نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیزکے خلاف 9 رنز سے جیت دلائی، جس کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم نے 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔ یہ مقابلہ ساکسٹن اوول میں انتہائی سنسنی خیز انداز میں ہوا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 177/9 اسکورکیا، جو اس مقام پر ان کا سب سے کم ٹی20 اسکور بھی ہے۔ ویسٹ انڈیزکی جانب سے میتھیو فورڈ نمایاں رہے جنہوں نے 20 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں، جبکہ جیسن ہولڈر (2-31) اور شمر اسپرنگر (1-36) نے آخری اوورز میں اچھی بولنگ کی۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور 13 اوورز میں 88/8 پر لڑکھڑا گئی تاہم آخر میں روماریو شیپرڈ اور شمر اسپرنگر کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کو دلچسپ بنا دیا اور ٹیم کو166/8 تک پہنچایا، مگر آخرکار میزبان ٹیم کے خلاف یہ جدوجہد ناکافی ثابت ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی اننگز میں ٹِم رابنسن اور ڈیون کونوے نے47 رنز کی مضبوط اوپننگ شراکت قائم کی۔ کونوے 23 رنز بناکر فورڈکا شکار ہوئے۔ بعد ازاں راچن رویندرا نے اوپنرکے ساتھ مل کر ففٹی شراکت بنائی اور ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچایا، لیکن 13ویں اوور میں وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ ایک موقع پر نیوزی لینڈ 200 سے زیادہ اسکورکی جانب بڑھ رہا تھا، مگر ویسٹ انڈیز نے شاندار واپسی کی اور آخری پانچ اوورز میں میزبان ٹیم کے چھ کھلاڑی 35 رنزکے اندر آؤٹ کیے اور نیوزی لینڈ کی اننگز 177/9 پر رکی۔ ہدف کے تعاقب میں ڈفی اور سْودی نے تباہ کن بولنگ کی اور ویسٹ انڈیزکو68/6 اور پھر 88/8 پر مشکل میں ڈال دیا لیکن شیپرڈ اور اسپرنگر نے صرف 39 گیندوں پر 78 رنزکی دھماکا خیز شراکت بنا کر مقابلے کو سنسنی خیزکردیا۔ آخری اوور میں ویسٹ انڈیزکو جیت کے لیے صرف 12 رنز درکار تھے، مگر کائل جیمی سن نے شیپرڈ کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کی جیت یقینی بنادی۔