نیپئر : نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ دوسرے ٹی 20 مقابلے میں 28 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین مقابلوں کی رواں سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے ۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کیلئے مدعو کیا اور 18 ویں اوور میں جس وقت بارش کی وجہ سے مقابلہ روک دیا گیا اُس وقت نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز اسکور کرلئے تھے جس کے بعد ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت بنگلہ دیش کو 16 اوورس میں جو نشانہ دیا گیا تھا اُس کے تعاقب میں بنگلہ دیش 142/7 رنز اسکور کرپائی ۔ اس کامیابی کے ذریعہ نیوز ی لینڈ نے رواں سیزن ساتویں گھریلو سیریز اپنے نام کی ہے جس میں چار ٹی 20 سیریز ہے جبکہ ٹسٹ میں دو اور ونڈے میں ایک سیریز اس نے اپنے نام کی ہے ۔ مقابلے کے دوران اُس وقت ڈرامائی مناظر دیکھنے کو ملے جب میچ ریفری جیف کرو نے مقابلہ روکتے ہوئے نظرثانی شدہ نشانہ دیا اور بنگلہ دیش نے 1.3 اوورس میں 12 رنز بنالئے تھے اس کے بعد انھیں نشانہ کے متعلق مطلع کیا گیا ۔ علاوہ ازیں مقابلے کے دوران کافی وقت تک میچ نہیں کھیلا گیا کیونکہ حکام نظرثانی شدہ نشانہ فراہم کرنے میں مصروف تھے ۔ بنگلہ دیش کے لئے فی اوور 12 رنز بنانے تھے اور یہ آسان نشانہ نہیں تھا ، تاہم سومیا سرکار نے 25 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے علاوہ محمد نعیم (38) کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لئے 81 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ مذکورہ جوڑی نے چھٹے اوور میں 19 رنز بنائے جوکہ ایش سودھی نے ڈالا تھا جس کے بعد ساتواں اوور ایڈم ملی کی ذمہ داری تھی جس میں بنگلہ دیشی بیٹسمینوں نے 20 رنز اسکور کئے ۔ گلین فلپس نے مقابلے کے دوران کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ انھوں نے آٹھویں اوور میں چار رنز اور دسویں اوور میں صرف 9 رنز دیئے جس کے بعد 9 ویں اوور میں سودھی نے پانچ رنز دیکر بنگلہ دیش کیلئے مقابلہ مزید سخت کردیا ۔ سومیا سرکار گیارہویں اوور میں 51 رنز بناکر جب آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کیلئے نشانہ کا تعاقب مزید مشکل ترین ہوگیا تھا ۔