آکلینڈ۔ 8 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ نے ٹوئنٹی 20 سیریز کے دوسرے مقابلے میں ہندستانی خاتون ٹیم کو چار وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے ۔جمعہ کو آکلینڈ کے ایڈن پارک میدان میں کھیلے گئے دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں ہندستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ہندوستان کی طرف سے اوپنر سمرتی مدھانا نے 36 اور جیمما رڈرگس نے 72 رنز بنائے ۔ دونوں نے تابڑ توڑ بیٹنگ کرتے ہوئے ہندستانی اننگز کو اچھی شروعات دلائی۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 20 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 136 رنز بناکر کامیابی حاصل کی ۔ نیوزی لینڈ کی اوپنر سوجی بیٹس کی 62 رنز کی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندستان کو اس مقابلے میں شکست دی۔دوسرے مقابلے میں میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر ہندستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرنے اتری ہندستانی خاتون ٹیم نے دوسرے ہی اوور میں اوپنر پریا پنیا کا وکٹ کھو دیا۔ ابتدائی جھٹکے کے بعد ہندستانی اننگز کو سمرتی مدھانا اور جیمما رڈرگس نے سنبھالا۔ مدھانا کے آؤٹ ہونے کے بعد رڈرگس بھی ایملیا کیر کی گیند پر کیٹی مارٹن کو کیچ تھما بیٹھیں۔ دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پہلے میچ کی طرح دوسرے مقابلے میں بھی ہندستانی ٹیم لڑکھڑا گئی اور باقی بلے باز کوئی مزاحمت نہیں کر سکیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مائر نے کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے چار اوور میں 17 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔ہندستان کی جانب سے دیے گئے 136 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سدھی ہوئی اننگز کھیلی۔ لیکن میچ کے چوتھے اوور میں ہی ہندوستان کو سوفی ڈیوائن کی حیثیت سے پہلا وکٹ ملا اور دوسرا جھٹکا کیٹلن گرے کے طور پر لگا۔ ہندستانی ٹیم کی میچ میں واپسی کے درمیان سوجی بیٹس نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 52 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی میچ ونر اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ کپتان سیٹرتھویٹ نے 23 رن، کیٹے مارٹن نے 12 گیندوں میں ایک چوکا کی مدد سے 13 رنز بنائے ۔ وہیں اینا پٹرسن پہلی گیند میں آؤٹ ہوگئیں۔ اگرچہ کیسپریک اور روو نے ناٹ آؤٹ رہ کر آخری گیند میں اپنی ٹیم کو جیت دلائی۔