نیوزی لینڈ پارلیمنٹ میں فوجی طرز کی رائفلز پر امتناع کا بل منظور

   

ویلنگٹن۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ایک آسٹریلیائی جنونی شخص کے ذریعہ 50مسلمانوں کے قتل عام کے بعد ملک کے حالات میں جو تبدیلیاں پیدا ہوئی ہیں ان تبدیلیوں کیلئے ملک کی وزیراعظم جسنڈا آرڈن کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے نہ صرف مسلمانوں سے اظہار ہمدردی اور یگانگت کیا بلکہ وعدہ بھی کیا کہ ملک میںبندوق کے قانون کو سخت ترین بنایا جائے گا ۔ آج جب پارلیمنٹ میں یہ بل پیش کیا گیا تو اس کی تائید میںاتنی شدت دیکھنے میں آئی جس کی توقع بھی نہیں کی جاسکتی تھی ۔ بل کے ذریعہ فوجی طرز کی خود کار رائفلز کے استعمال پر امتناع کے حق میں 119ووٹس پڑے جبکہ اس کی مخالفت میں صرف ایک ووٹ پڑا ۔ فوجی طرز کی جن رائفلز کے استعمال پر امتناع عائد کیا جائیگا وہ اسی نوعیت کے رائفلز ہیں جنہیں آسٹریلیائی جنونی نے دو مساجد میں استعمال کرتے ہوئے50مسلمانوں کو گذشتہ ماہ 15 مارچ کو شہید کردیا تھا ۔