ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی سرکاری فضائی کمپنی ایئر نیوزی لینڈ نے کہا ہے کہ دسمبر کے وسط سے تمام مسافروں کو اپنی گھریلو پروازوں پر سفر کرنے سے پہلے مکمل حفاظتی ٹیکوں کا سرٹیفکیٹ یا کووڈ-19 کا ٹسٹ فراہم کرنے کو کہے گی ۔ایئر نیوزی لینڈ کے چیف ایگزیکٹیو گریگ فورن نے کہا کہ یہ تبدیلی کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے کی گئی ہے ، کیونکہ اگر موسم گرما میں کرسمس سے قبل لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کی گئی تو نیوزی لینڈ کے لوگ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے ملنے کیلئے ہوائی سفرکرسکتے ہیں۔ فورن نے کہاکہ کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کی آمد کے ساتھ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ وہ اقدامات جو پہلے ہمیں محفوظ رکھتے تھے ، اب کافی نہیں ہیں۔
