ویلنگٹن، 12 دسمبر (آئی اے این ایس) نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیزکو دوسرے ٹسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں اہم پیش رفت کی ہے۔ اس فتح سے نیوزی لینڈ نے12 پوائنٹس حاصل کیے اور پاکستان اورہندوستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سری لنکا کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے۔ ٹیم کا موجودہ فاتح۔شکست فیصد 66.67 ہے، اور وہ صرف آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے پیچھے ہے۔ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ویسٹ انڈیزکی دوسری اننگز 128 رنز پر سمیٹ دی، جہاں جیکب ڈفی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جیت کے لیے درکار56 رنز نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر با آسانی پورے کر لیے۔ ڈیون کونوے 28 اورکین ولیمسن 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان ٹام لیتم 9 رنز پر پویلین لوٹے۔ یہ نیوزی لینڈ کی 2025–27 ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ سائیکل کی پہلی کامیابی ہے، جبکہ ویسٹ انڈیز سات میں سے چھ میچ ہارکر اب تک فتح سے محروم ہے۔تیسرا اور آخری ٹسٹ 18 دسمبرکو ماؤنٹ مونگانوئی میں شروع ہوگا۔
