نیوزی لینڈ کیخلاف آج ویسٹ انڈیز کو کامیابی اشد ضروری

   

مانچسٹر۔21جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امیدوں کے برعکس ویسٹ انڈیز ٹیم کے ناقص مظاہروں کی وجہ سے اس کی ورلڈ کپ مہم کو شدید نقصان ہوا ہے اور کل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں اسے کامیابی اشد ضروری ہے تاکہ وہ سیمی فائنل کے دوڑ میں خود کو باقی رکھ سکے ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں کیونکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹورنمنٹ میں ناقابل تسخیر موقف میں ہے ۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی ورلڈ کپ مہم کا انتہائی شاندار انداز میں آغاز کیا تھا جیسا کہ اس نے اپنے افتتاحی مقابلہ میں پاکستان کو شرمناک شکست پر مجبور کیا تھا لیکن اسے آسٹریلیا ، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف اس کا مقابلہ بارش کی نذر ہوا ۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم جسے ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ میں بارش کی وجہ سے نشانات بانٹنے پڑے لیکن باقی تمام مقابلوں میں اس نے آسانی سے فتوحات حاصل کی ہیں جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف کم اسکور والے مقابلہ میں بھی حاصل ہونے والی کامیابی شامل ہیں ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ایسے وقت سنچری بناتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلوائی جب ٹیم نشانہ کے تعاقب میں مشکل صورتحال سے دوچار تھی ۔ نیوزی لینڈ نے اب تک سری لنکا ، بنگلہ دیش ، افغانستان اور جنوبی افریقہ کو شکست دی ہے لیکن اس کا اصل امتحان جنوبی افریقہ کے خلاف ہوا تھا جہاں ٹیم جدوجہد کے بعد کامیاب ہوئی تھی لہذا ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کے لئے حالات آسان نہیں ہوں گے ۔