کراچی ۔نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے لئے پاکستان کے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا اور سابق کپتان سرفراز احمد کو اسکواڈ سے خارج کردیا گیا ہے۔اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ اور افتخار احمد کی واپسی ہوئی ہے جبکہ نوجوان فاسٹ بولرز شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث اور زاہد محمود کو پہلی مرتبہ ونڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیے گئے حارث سہیل، سلمان علی آغا، سرفراز احمد اور صہیب مقصود نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں جگہ نہیں بنا سکے۔ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ونڈے میچز پر مشتمل یہ سیریز ہمارے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کوالیفائرزکا بھی حصہ ہے لہٰذا ہم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو منتخب کرکے ایک متوازن اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے شاہنواز دھانی کو لاجسٹک مسائل کی وجہ سے پی ایس ایل 6 میں عمدہ کارکردگی کے باوجود انگلینڈ کے لیے اسکواڈ میں جگہ نہیں مل سکی تھی تاہم انہیں اب نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔محمد وسیم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد وسیم جونیئرکو محدود اوورز کی کرکٹ میں مزید مواقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاداب خان اور عثمان قادر کی موجودگی کے باوجود لیگ اسپنر زاہد محمود کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی وجہ سے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو ہوم سیریز میں مواقع دینا ہے، زاہد نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پچاس اوورز کی کرکٹ میں بہتر کھیل پیش کرچکے ہیں۔محمد وسیم نے کہا کہ محمد رضوان ہماری پہلی پسند وکٹ کیپر ہیں لہٰذا فیصلہ کیا گیا کہ سرفراز احمد کی جگہ 20 سالہ محمد حارث کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے، اس سے ناصرف محمد حارث کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا صلہ ملے گا بلکہ ٹیم کے ڈریسنگ روم کے ماحول میں وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا۔