آکلینڈ ۔ نیوزی لینڈ کی رکن پارلیمان جولی این جنٹر صبح کے اوقات میں جس وقت سائیکلنگ کررہی تھیں، اسی وقت انہیں درد زہ شروع ہوگیا۔ وہ بجائے خوفزدہ ہونے کے اسی سائیکل کی رفتار تھوڑی تیز کرتے ہوئے سیدھے ہاسپٹل پہنچ گئیں۔ بچہ کی پیدائش کے بعد انہوں نے خوشی خوشی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سائیکلنگ کے وقت ان کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں تھا لیکن درد زہ کی وجہ سے وہ سمجھ گئیں کہ بچے کی پیدائش کا وقت قریب آگیا ہے۔ لہذا انہوں نے بغیر وقت ضائع کئے سائیکل پر ہی ہاسپٹل کا رخ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح ان کے خاندان میں ایک نئے ممبر کا اضافہ ہوا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ نیوزی لینڈ کے سیاستداں انتہائی سادگی والی زندگی بسر کرنے کے لئے مشہور ہیں جن میں خود وزیر اعظم جسنڈا آرڈرن بھی شامل ہیں جنہوں نے وزیر اعظم کے عہدہ پر رہتے ہوئے نہ صرف بچہ کو جنم دیا بلکہ آگے چل کر انہوں نے اقوام متحدہ کے ایک اجلاس میں اپنے دودھ پیتے بچہ کے ساتھ شرکت بھی کی۔